نئی دہلی، 9 /دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا) سی بی آئی نے آج سابق وزیر مواصلات دیاندھی مارن اور ان کے بھائی کلا ندھی مارن سمیت کئی دیگر کے خلاف چارج شیٹ داخل کی۔دیاندھی کی رہائش گاہ پر 764ہائی اسپیڈ ڈیٹا لائنیں ایک نجی ٹی وی چینل کی طرف سے استعمال کرنے سے سرکاری خزانے کو 1.78کروڑ روپے کے نقصان کے الزام میں چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔سی بی آئی نے کہا کہ آئی پی سی کی مختلف دفعات اور بدعنوانی مخالف قانون کے دفعات کے تحت چنئی کی ایک خصوصی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔جانچ ایجنسی نے چارج شیٹ میں کہا ہے کہ دیاندھی کو کل 764ٹیلی فون نمبر مہیا کرائے گئے جن کے لیے کوئی بل نہیں بنایا گیا، جس سے چنئی میں واقع بی ایس این ایل اور دہلی میں واقع ایم ٹی این ایل کو 1.78کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔سی بی آئی نے سابق وزیر کے بھائی اور سن ٹی وی نیٹ ورک لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کلا ندھی، بی ایس این ایل کے دو سابق چیف جنرل منیجر، سن ٹی وی نیٹ ورک کے دو افسر اور دیاندھی کے ایک اسسٹنٹ کو بھی ملزم بنایا ہے۔